بھارت میں شدید بارشوں سے تباہی،16افراد ہلاک

 

لکھنو:بھارتی ریاست اتر پردیش میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی۔اتر پردیش کے ضلع جھانسی اور للت پور میں سیلاب آنے سے درجنوں افراد محصور ہو کر رہ گئے ۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق للت پور کی تحصیل تال بیہٹ کے گاوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے پورا گاوں سیلاب کی زد میں ہے، 6افراد پانی میں پھنس گئے تھے، جنہیں فضائیہ کی ٹیم نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کردیاجبکہ ضلع جھانی کی تحصیل گروٹھا میں دریائے بتوا میں پھنسے 9ماہی گیروں کو فضائیہ کی ٹیموں نے ریسکیو کرلیا۔

 

طوفانی بارش سے سیسیتا پور میں 3،امیٹھی اور اوریا میں 2،2، لکھیم پور کھیری ، رائے بریلی اور اناو میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ 12افراد شدید زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں 461 مکان زمین بوس ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق شاہجہاں پور کے کانٹھ میں بجلی گرنے سے 4بچوں سمیت 6افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 4زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24گھنٹے تک جاری رہے گا۔ ریاست کی مختلف ندیوں اور دریاوں میں سطح آب خطرے کے نشان سے اوپر ہوگئی ہے ۔نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔