افغان طالبان نےحقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے انتقال کا اعلان کردیا ہے۔
افغان طالبان کے اعلان کے مطابق حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی طویل عرصے سے بیمار تھے جس کے بعد وہ انتقال کر گئے ،ایک امریکی ادارے نے افغان طالبان سے منسوب بیان کو رپورٹ کیا ہے جس میں جلال الدین حقانی کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔
افغان میڈیا سمیت متعدد بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے بھی طالبان کے ذریعہ سامنے آنے والی خبر کی تصدیق کی ہے۔
جلال الدین حقانی افغاستان میں طالبان کی حکومت میں سرحد کے وزیر تھے اور 2001 کے اواخر میں اسلام آباد کا سرکاری دورہ بھی کیا تھا۔ ان کا تعلق افغانستان کے صوبہ پکتیکا سے تھا اور انھوں نے 1980 کی دہائی میں سویت یونین کے خلاف مزاحمت شروع کی۔
نائن الیون کے بعد حقانی روپوش ہو گئے اور کئی مہینوں کے بعد وزیرستان میں سامنے آئے جہاں انہوں نے اپنا گروپ تشکیل دیا۔ اس گروپ نے افغانستان میں جتنا نقصان نیٹو کو پہنچایا کسی اور گروپ نے نہیں پہنچایا۔
امریکا کی جانب سے حقانی نیٹ ورک پر سخت پابندیاں عائد ہیں اور متعدد بڑے بڑے حملوں کا الزام اس تنظیم پر عائد کیا جاتا ہے۔