روسی کوہ پیما کوبچانےوالے پاکستانیوں کیلئےروس کا قومی اعزاز

 

ماسکو: روسی کوہ پیما کو مشکل آپریشن کے بعد ریسکیو کرنے والے 4 پاکستانیوں کو روس کے صدرنے قومی اعزاز سے نوازا ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق صدر پیوٹن نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے پاکستانیوں قاضی محمد، عابد رفیق، محمد انزہم رفیق اور فخر عباس کو روس کے قومی اعزاز ’ آرڈر آف فرینڈ شپ‘ سے نوازا ہے۔ قراقرم پہاڑیوں میں دشوار گزار لاتوک کی چوٹی پر پھنسے روسی کوہ پیما کو 31 جولائی کو ریسکیو کیا گیا تھا۔

 

روسی کوہ پیماالیگزینڈر گوکوف گلگت بلتستان میں قراقرم کے پہاڑی سلسلے کی 7145 میٹر بلند چوٹی لاتوک ون سر کرنے نکلے تھے لیکن مہم کے دوران برفانی طوفان میں پھنس گئے اور نیچے آنے کی کوشش میں ان کا ساتھی گوزونوف گر کر ہلاک ہو گیا تھا۔ زندہ بچ جانے والے الیگزینڈر گوکوف کے پاس خوراک ختم ہوگئی تھی۔روسی وزارت خارجہ نے پاکستانی وزرات خارجہ سے رابطہ کیا جس کے بعد ایلگزینڈر گوکوف کو دشوار گزار چوٹی سے نہایت خراب موسم میں بحفاظت واپس لانے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے انتہائی مشکل ریسکیو آپریشن کیا گیا تھا۔