کابل:افغانستان کے دارالحکومت کابل کے اسپورٹس کمپلیکس پر دو خودکش حملوں میں20افراد ہلاک اور60زخمی ہو گئے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کابل میں دشت برچ میں واقع اسپورٹس کمپلیکس کے ریسلنگ کلب میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں20افراد ہلاک ہو گئے۔
افغان وزارت صحت کے ترجمان واحد مجور نے بھی20افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 60افراد کو بحفاظت اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کے عینی شاہدنے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ خود کش بمبار نے کلب میں موجود محافظ کو قتل کرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا یاجبکہ فیس بک پر ایک صارف نے لکھا کہ خود کش بمبار نے خود کو ایسے مقام پر دھماکے سے اڑایا جہاں بڑی تعداد میں ایتھلیٹس موجود تھے جس سے بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔