اسرائیل کو یو اے ای کی سرزمین پر جھنڈا لہرانے کی اجازت

 

ابوظہبی:متحدہ عرب امارات میں اگلے ماہ انٹرنیشل جوڈو ٹورنامنٹ منعقد ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لئے دیگر ممالک کے ساتھ اسرائیل کی ٹیم بھی پہنچ رہی ہے۔ گزشتہ سال بھی یہ مقابلے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوئے تھے، اور اسرائیلی ٹیم کی وجہ سے ہی ایک بڑا جھگڑا سامنے آیا تھا۔ البتہ اس بار یہ فیصلہ ہو ا ہے کہ دیگر ممالک کی طرح اسرائیل کا جھنڈا بھی اماراتی سرزمین پر لہرایا جائے گا اور ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔ابوظہبی گرینڈ سلیم کا انعقاد 25 سے 27 اکتوبر تک ہوگا۔

انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا اعلان خوشی کے ساتھ کیا جا رہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں جوڈے مقابلوں کے انعقاد کے موقع پر تمام ممالک اپنا جھنڈا لہرانے اور ترانہ پڑھنے کے برابر کے حق دار ہوں گے۔ گزشتہ سال منعقد ہونے والے انٹرنیشنل جوڈے مقابلوں میں اماراتی حکام نے اس وقت اسرائیلی جھنڈا لہرانے اور اسرائیل کا ترانہ پڑھے جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا جب2اسرائیلی کھلاڑی سونے اور کانسی کا تمغہ جیت گئے تھے۔ انٹرنیشنل فیڈریشن نے اس صورتحال پر اسرائیل سے معذرت طلب کی تھی اور یقین دہانی کروائی تھی کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔