نئی دلی :بھارتی ایئرلائن کا مسافر طیارہ مالدیپ میں زیر تعمیر رن وے پر اترگیا،طیارے کے دونوں پائلٹس کو گراؤنڈ کرکے انکوائری شروع کردی گئی۔بھارتی اخبار کے مطابق ایئرانڈیا کی پرواز جس میں 136 مسافرسوار تھے، مالدیپ میں مالے کے ویلانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے زیر تعمیر رن وے پر اُتر گیا، واقعے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔ایئر انڈیا کے سینئر آفیشل کا کہنا ہے کہ واقعے میں طیارے کے مین لینڈنگ گیئر کا ٹائر پھٹ گیا اور طیارے کو ٹو کرکے پارکنگ ایریا تک لایا گیا۔
واضح رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب ایئرانڈیا کے کسی طیارے نے غیر ملکی ایئرپورٹ کے غلط رن وے پر لینڈنگ یا ٹیک آف کیا ہے،13اگست کو جیٹ ایئرویز بوئنگ 737 کے پائلٹ نے ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رن وے کے متوازی ٹیکسی وے سے ٹیک آف کرنے کی کوشش کی تھی،خوش قسمتی سے واقعے میں تمام 150 مسافر محفوظ رہے۔