بھارت کا سرحد پر سمارٹ باڑ لگانے کا اعلان

 

نئی دہلی:بھارت نے پاکستان کے ساتھ سرحد پر سمارٹ فینس لگانے کا اعلان کر دیا، لیزر اور جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل سمارٹ باڑ لگانے کے کام کا آغاز رواں ہفتے کیا جائے گا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز کے ڈی جی کا کہناہے کہ لیزر اور جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل سمارٹ باڑ لگانے کے کام کا آغاز رواں ہفتے کیا جائے گا۔نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے ساتھ 2400 کلومیٹر طویل سمارٹ باڑ لگانے کا افتتاح بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ رواں ہفتے کریں گے۔

کے کے شرما نے کہا کہ بنگلادیش دوست ملک ہے اور سمارٹ فینس سب سے پہلے پاکستان کی سرحد کے ساتھ لگائی جائیگی۔بھارتی سرحدی فورس کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ لیزر اور جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل سمارٹ باڑ لگانے کا مقصد سرحد پر دراندازی روکنا اور عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کی سرگرمی پر نظر رکھنا ہے۔