لاہور:لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ایئرپورٹ کی حدود میں تیز بارش کے باعث 29 پروازیں متاثر ہوئیں۔
لاہور میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تاہم نشینی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش گلبرگ میں 80 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ پانی والا تالاب اور جیل روڈ پر 63، لکشمی چوک میں 55، سمن آباد میں 45، شالیمار لنک روڈ پر 21 اور بھاٹی گیٹ میں 14 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اسی طرح دو موریہ پل کے علاقے میں 12 ملی میٹر، ایک موریہ اور جی پی او میں 8 اور فرخ آباد میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
ایئرپورٹ کی حدود میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی اور خراب موسم کے باعث علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر 29 پروازیں متاثر ہوئیں جس میں 14 پروازیں منسوخ اور 15 تاخیر کا شکار ہیں۔
منسوخ اور تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں میں ملکی اور غیر ملکی پروازیں شامل ہیں جب کہ سول ایوی ایشن حکام نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے دی گئیں ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے انتظامیہ اور واسا کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ افسران نکاسی آب کے تمام مراحل کی خود نگرانی کریں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انتظامی افسران اور متعلقہ اسٹاف فیلڈ میں کام کرتے نظر آنا چاہییں اور افسران صورتحال معمول پر آنے تک مسلسل نگرانی کریں۔