واشنگٹن: امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو پیغام دیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل تعاون کرے کیونکہ یہ واشنگٹن کیلئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ایشو ہے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قومی سلامتی کے مشیر خارجہ جان بولٹن نے کہا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے حالیہ دورے کے دوران نئی پاکستانی حکومت پر زوردیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاؤن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ پاکستان اس جنگ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ہمارے ساتھ بھرپور تعاؤن جاری رکھے گا ۔
انہوں نے کہا کہ پومپیو نے پاکستانی حکام پر واضح کردیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات امریکہ کیلئے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان ایک جوہری ملک ہے اور اس بات کا خطرہ ہے کہ حکومت دہشت گردوں کے ہاتھوں گرسکتی ہے اور ایسی صورتحال میں جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول دہشت گردوں کے پاس آسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو بھی اس بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔