عالمی عدالت انصاف نے امریکی دھمکیاں مسترد کردیں

 

واشنگٹن :عالمی عدالت انصاف نے امریکی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ اصولوں اور قانون کی عمل داری کے لیےکام کرتی رہےگی۔ امریکا کے قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے کہا تھا کہ عالمی عدالت انصاف نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پر مقدمہ چلایا تو ججوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگادیں گے۔واشنگٹن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جان بولٹن کا کہنا تھا کہ وہ عالمی جرائم کی عدالت کو امریکی صدر کی جانب سے صاف اور واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ امریکا اپنے شہریوں اور اپنے اتحادیوں کو ایک غیرقانونی اور غیرمنصفانہ عدالتی کارروائی سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

جان بولٹن نے دھمکی دی کہ امریکا عالمی جرائم کی عدالت کے ججز اور ہر اس کمپنی اور ریاست کے خلاف امریکی عدالت میں کارروائی کرے گا جو ان کی حمایت کریں گی۔امریکی دھمکیوں کے بعد عالمی عدالت انصاف نے ردعمل میں کہا ہے کہ عالمی عدالت خوش اسلوبی سے اپنا کام جاری رکھے گی۔انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی 123 ممالک کی حمایت والی آزاد اور خودمختار عدالت ہے جو اصولوں اور قانون کی عمل داری کے لیے کام کرتی رہے گی۔