گوجرہ میں میاں بیوی اور 2 بچوں پر تیزاب پھینک دیا گیا

گوجرہ:گوجرہ میں ایک شخص نے میاں بیوی اور ان کے دو بچوں پر تیزاب پھینک دیا جس کے باعث وہ بری طرح جھلس گئے۔
پولیس کے مطابق گوجرہ کے علاقے چک 92 ج ب میں صفدر نامی شخص کو لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام پر گاؤں سے نکالا گیا اور بدلہ لینے کے لیے ملزم نے انور، اس کی بیوی، بیٹے اور بیٹی پر تیزاب پھینک دیا۔
ڈی ایس پی گوجرہ کے مطابق لڑکی کی والدہ کو تیزاب بھی پلایا گیا جس کے باعث وہ جاں بحق ہوگئی جب کہ متاثرہ شخص اور اس کے 8 سالہ بیٹے محسن کو الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ملزم صفدر پر لڑکی کو ہراساں کرنے پر گاؤں سے نکال دیا گیا تھا اور اس نے بدلہ لینے کے لیے انور اس کے اہلخانہ پر تیزاب پھینکا تاہم ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔