کراچی : تحریک انصاف کو کراچی میں بڑا جھٹکا لگ گیا ہے ،اہم ترین رہنما اور عام انتخابات میں لیاری سے سندھ اسمبلی کے امیدوار ناصر کریم بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاری کے حلقہ پی ایس 108 سے ناصر کریم بلوچ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک کمرشل اور ملٹی نیشنل پارٹی ہے، اس میں ورکروں کی کوئی عزت نہیں اور پارٹی کو لمیٹڈ کمپنی کی طرح چلایا جاتا ہے، پارٹی میں سرمایہ داروں کا تسلط ہے،میں دوبارہ اپنی پارٹی میں واپس آگیا ہوں ،مجھے افسوس ہے کہ لیاری سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو ہار گئے لیکن ہم مل کر لیاری کو دوبارہ پی پی پی کا مضبوط قلعہ بنائیں گے۔
پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ناصر کریم بلوچ کی شمولیت سے لیاری میں پارٹی مضبوط ہوگی، لیاری پی پی پی کا گڑھ تھا اور رہے گا ،جن لوگوں نے کراچی کا مینڈیٹ چوری کیا ہے ان لوگوں کے لئے ناصر کریم بلوچ کی شمولیت سرپرائز ہے ،ہم لیاری سمیت پورے کراچی کی خدمت کرتے رہینگے۔ پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناصر کریم بلوچ لیاری کا ایک معتبر نام ہے ،سوشل سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اسپورٹس میں بھی انہوں نے بڑا کام کیا ہے، ہم نے ماضی میں بھی ساتھ کام کیا ہے اور آگے بھی مل کر کام کرینگے ۔