بھارت و اسرائیل انسانی حقوق کے حوالے سے بدترین ممالک ہیں: اقوام متحدہ

 

اقوام متحدہ:اقوام متحدہ نے بھارت اوراسرائیل کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بدترین ریکارڈ رکھنے والے ملکوں کی فہرست میں شامل کر لیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنی نویں سالانہ رپورٹ میں بھارت کو ان 38 ممالک میں شامل کرلیا جہاں شہریوں کو قتل ، تشدد ، غیر قانونی اوربلا جواز گرفتاری کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کشمیریوں پر ظلم، اقلیتوں سے نا انصافی اور نچلی ذاتوں پر تشدد بھارت کا بھیانک چہرہ ہے جسے دنیا نے تسلیم کرلیاہے۔

انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اینڈریو گلمور نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی طرف سے تیار کی جانے والی سالانہ رپورٹ اگلے ہفتے عالمی ادارے کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مختلف ملکوں میں شہریوں کی آواز کو خاموش کرانے کیلئے کھڑی کی جانے والی قانونی، سیاسی اور انتظامی رکاوٹوں کا بغور جائزہ لیتے رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے کارکنوں پر بھی دہشت گردی کے الزامات لگائے جاتے ہیں اور ان پر غیر ملکی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے پر بھی ملکی ساکھ اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔