سمندری طوفان فلورنس کیرولینا کے ساحل سے ٹکرا گیا

 

کیرولینا: سمندری طوفان فلورنس امریکی ریاست کیرولینا کےساحل سے ٹکرا گیا ۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان کی شدت کے باعث کیرولینا کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش ہورہی ہے جبکہ طوفانی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔

میڈیا کے مطابق امریکی شہرنیوبرن میں طوفان کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے جس وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، مختلف علاقوں اوراہم شاہراہوں پر پانی کھڑا ہو گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں سے شہریوں کا انخلا جاری ہے۔

جبکہ شمالی کیرولینا سے ہزاروں افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ دوسری جانب امدادی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، تباہ کن طوفان سے بدترین نقصان کا اندیشہ ہے۔ طوفان کے دوران 90 میل فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل رہی ہیں جو بڑی تباہی کا باعث ہیں، اس وقت تک جانی اور مالی نقصان کا کوئی تخمینہ نہیں لگایا جا سکا تاہم بڑے پیمانے پر تباہی کا اندیشہ ہے۔