ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات میں روزگار کی غرض سے مقیم پاکستانی درزی کو پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں دھر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کپڑوں کی سِلائی کے ساتھ ساتھ منشیات بھی فروخت کرتا تھا۔ ایک شخص کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ مذکورہ پاکستانی شخص بظاہر تو درزی کا کام کر کے رزق کماتا ہے مگر اُس کی اصل کمائی کرسٹل میتھ نامی نشہ آور دوائی کی بدولت ہو رہی ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی جانب سے ملزم کے سرچ وارنٹ جاری کیے گئے۔ جس کے بعد ملزم کے ٹھکانے پر چھاپہ ماراگیا تو وہاں سے 6 کلو گرام خالص کرسٹل میتھ برآمد ہوئی‘ جو ملزم نے مختلف گاہکوں کو بیچنے کی غرض سے رکھی ہوئی تھی۔ کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ میں قائم انسدادِ منشیات کے محکمے کے ڈائریکٹر کرنل طاہر غریب الظہیری نے بتایا کہ پولیس کو ابتدائی طور پر اطلاع ملی کہ ملزم کے پاس بڑی مقدار میں نشہ آور اشیاموجود ہیں جو اُس نے فروخت کرنے کی غرض سے رکھی ہوئی ہیں۔