پرنٹ میڈیا کو مرنے بھی نہیں دیا جائے گا۔ فواد چوہدری
لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بہت جلد نئی ڈیجیٹل پالیسی لا رہی ہے‘ میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ کرینگے، پی ٹی وی ‘ریڈیواور انفارمیشن اکیڈمیز کو ضم کر کے اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیا یونیورسٹی بنائی جائیگی‘ڈی ٹی ایچ لائسنس کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے‘صحافیوں کو ہیلتھ کارڈز جاری کئے جائینگے جس پر کام ہو رہا ہے،اشتہارات سے حکومتی اجارہ داری ختم کی جا رہی ہے،وہ ہفتہ کے روز پی ٹی وی لاہورکے د ورہ کے موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ اور پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔
وفد میں صدر پی ایف یو جے رانا عظیم‘سلمان غنی‘حبیب اکرم‘عمران خان‘شہزاد بٹ‘آصف بٹ‘عامر سہیل‘شاہد چوہدری‘حافظ عبدالودود و دیگر شامل تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کاکام ہوتا ہے کہ وہ غریب کے ساتھ کھڑی ہو اور ہم آپ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس افرادی قوت موجود ہے لیکن سکلز کی کمی ہے،ماہر افرادی قوت تیار کرنے کیلئے تربیت فراہم کی جائگی ،پی ٹی وی ‘ریڈیواور انفارمیشن اکیڈمیز کو ضم کر کے اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیا یونیورسٹی بنائی جا رہی ہے جہاں ان افراد کو تربیت دی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کیلئے کے پی کے کی طرز پر ہیلتھ کارڈز جا ری کئے جائینگے جس سے سالانہ ساڑھے پانچ لاکھ روپے تک کا مفت علاج کروایا جا سکے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت اشتہارات سے حکومتی اجارہ داری ختم کرنا چاہتی ہے اور ہم گزشتہ حکومتوں کی طرح اربوں کے اشتہارات تو نہیں دے سکیں گے تاہم پرنٹ میڈیا کو مرنے بھی نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ویج بورڈ ایوارڈ کیلئے تین ججز کے نام بھجوا دئیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ ون ونڈو آپریشن کی طرز پر تما م مسائل کا حل ایک ہی جگہ پر موجود ہو‘ قبل ازیں وفاقی وزیر سے پی ٹی وی یونین کے عہدیداروں نے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیر نے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔