نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پیر کو جیل منتقل ہوں گے

 

لاہور : بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شامل ہونے کے لیے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہائی دی گئی تھی جس میں پیر 17 ستمبر تک کی توسیع کر دی گئی۔ بیگم کلثوم نواز کی رسم قُل آج ہو گی جس کے بعد رشتہ داروں اور عزیز و اقارب سے تعزیت وصول کرنے کے بعد 17 ستمبر کی سہ پہر کوانہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔

ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق سابق وزیراعظم ، ان کی صاحبزادی اور داماد کی پیرول پر رہائی کی مدت 17ستمبرسوموار کی سہہ پہر کو ختم ہو جائے گی، جس کے بعد تینوں کو از سر نو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔ جاتی امرا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک ٹیم نواز شریف، مریم اور صفدر کی حفاظت اور نگرانی کے لیے موجود ہے ۔ قواعد کے مطابق اسی ٹیم کی نگرانی میں تینوں کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی دوبارہ اڈیالہ جیل منتقلی کے پیش نظر مسلم لیگ ن کے آئندہ سیاسی فیصلے جیل سے ہی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل منتقل ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز ہی پارٹی کے آئندہ فیصلے کریں گے اور اس حوالے سے سینئیر قیادت اور رہنماؤں کو تیار رہنے کی تلقین کی گئی ہے کیونکہ نواز شریف اور مریم نواز کے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل ہونے کے بعد مسلم لیگ ن جارحانہ سیاست کرنے کا فیصلہ رکھتی ہے۔ اس حوالے سے نواز شریف نے بھی دو ٹوک پالیسی کا اعلان کر دیا ہے اورواضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ اب کسی قسم کی مفاہمی پالیسی یا حکمت عملی نہیں اپنائی جائے گی۔