کراچی:کراچی پولیس چیف ،ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے کہا ہے کہ8 ماہ کے دوران 146 بچے لاپتہ ہوئے،اس حوالے سے مختلف باتیں چل رہی ہیں۔
پریس کانفرنس میں کراچی پولیس چیف نے کہا کہ زیادہ تر بچے تشدد،ذہنی دبائو،والدین کی عدم توجہی اور محبت میں گرفتار ہوکر گھروں سے فرار ہوئے جن میں صرف 8 بچوں کو تاوان کی غر ض سے اغوا کیا گیا ۔
امیر شیخ نے بتایا کہ آٹھ بچوں کو بازیاب کرکے 22 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، پولیس مقابلوں میں3ملزمان مارے گئے ،سی پی ایل سی و دیگر کے ہمراہ چائلڈ پروٹیکشن رسپانس سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سی پی ایل سی ،روشنی ہیلپ لائن اور کراچی پولیس نے مل کر لاپتہ بچوں کا ریکارڈ جمع کیا ، اس سال 146بچے لاپتہ ہوئے8 بچوں اغوا ہوئے جبکہ آٹھ ماہ میں 126 بچے بازیاب ہوئے، 20کیسسز اب بھی چل رہے ہیں۔
کراچی پولیس چیف نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پیار سے رکھیں کیونکہ بچوں کے لاپتہ ہونے کے حالیہ واقعات کی وجہ گھریلو تشدد، امتحانات میں فیل ہونے کا ڈر،عدم توجہی اور گھروالوں کی لاپرواہی رہی ہے ۔