کینیڈا میں لاپتہ ائیرہوسٹس نے سیاسی پناہ لے لی

 

ٹورنٹو : پی آئی اے کی لاپتہ ایئرہوسٹس فریحہ مختار نے کینیڈا میں سیاسی پناہ لے لی ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والی ایئرہوسٹس فریحہ مختار گزشتہ دنوں کینیڈا میں لاپتہ ہوئی تھیں جن کی گمشدگی کی اطلاع کینیڈین پولیس کو دیدی گئی تھی ۔پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گمشدگی کے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے جلد پیش رفت ہو گی۔ ذرائع کے مطابق فریحہ مختار مبینہ طور پر موبائل فونز ،کرنسی ا سمگلنگ اور جعلی سند کی تحقیقات کے باعث کئی سال معطلی کا شکار بھی رہ چکی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فریحہ مختار کی انٹرنیشنل پروازوں پر پابندی تھی تاہم انہوں نے مبینہ طور پر سیاسی اثر و رسوخ کا فائدہ اٹھایا اور ٹورنٹو جانے والی فلائٹ میں ڈیوٹی کیلئے خود کو کراچی کی رہائشی ظاہر کیا اور 11 ستمبر کوکینیڈا پہنچ کر سیاسی پناہ حاصل کر لی۔ کینیڈا میں ان کے غائب ہونے کے باعث 11 ستمبر کی پی آئی اے کی پرواز ٹورنٹو سے ایک کیبن کریو کے بغیر واپس آئی جس کے باعث قومی ائیر لائن کو لاکھوں روپے جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا۔