نشہ آور جوس پینے سے پیشی پر آئےملزمان اور پولیس اہلکار بے ہوش

 

ملتان: ضلع کچہری کے بخشی خانہ میں پیشی پر آئے2 ملزمان اور3 پولیس اہلکار نشہ آور جوس پینے سے بے ہوش ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق پیشی پر آنے والے ملزم اور پولیس اہلکاروں نے جوس پیا اور تھوڑی دیر بعد اپنا ہوش کھو بیٹھے۔ اس دوران بخشی خانے میں تعینات دیگر پولیس اہلکار ان کو ہوش میں لانے کی کوشش کرتے رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بے ہوش ہونے والے اہلکاروں کے نام اکبر، عباس اور محمد یار ہیں جبکہ پیشی پر آئے ملزمان میں اعجاز اور مدنی شامل ہیں۔ملزموں کو ہوش میں لانے کے بعد علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تاہم وہ نیم مدہوشی کے عالم میں ہی عدالت میں موجود رہے۔ پولیس اہلکاروں کو پولیس لائن منتقل کر دیا گیا۔پولیس کی جانب سے معاملہ دبانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔