بیروت: الغبیری میں ایک سڑک پر مصطفی بدرالدین کے نام کی تختی نظر آئی تو لوگ حیران رہ گئے۔ بدرالدین کو لبنان کی خصوصی عدالت سابق وزیراعظم رفیق حریری کے قتل کا ماسٹر مائنڈ قرار دے چکی ہے۔ رفیق حریری 14 فروری 2005ء کو بیروت میں ایک بم دھماکے میں ہلاک کردیے گئے تھے۔
الغبیری کی بلدیہ کی جانب سے اس اقدام کو بعض لبنانیوں بالخصوص وزیراعظم سعد حریری کے حامیوں کی جانب سے اشتعال انگیز قرار دیا جا رہا ہے۔عرب میڈیاکے مطابق نگراں حکومت میں لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات نہاد المشنوق نے ایسے کسی بھی فیصلے پر دستخط کرنے کی تردید کی ہے جس میں الغبیری کی بلدیہ کو مصطفی بدرالدین کے نام سے سڑک موسوم کرنے کی اجازت دی گئی ہو۔