دبئی: ایشیا کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں پاکستان کی بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔
دبئی انٹرنیشنل اسیٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کانگ کانگ کے خلاف ففٹی اسکور کرنے والے امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن تیسرے ہی اوور میں امام الحق دو رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بھونیشور کمار نے پانچویں اوور میں پاکستان کے دوسرے اوپنر فخر زمان کو بھی کیچ آؤٹ کرا دیا، فخر زمان 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔
دونوں اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنبھالا اور پاکستان کا اسکور 73 رنز تک پہنچایا، دونوں کھلاڑی اس وقت وکٹ پر موجود ہیں۔
پاک بھارت میچ کے لیے شائقین کرکٹ بے تاب ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع ہے، میچ کے ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں اور گراؤنڈ شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کا امکان ظاہر کیا۔
بھارت کے خلاف آج کے میچ کے لیے قومی اسکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم کپتان روہت شرما، شیکر دھون، امباتی روئیڈو، کیدر جادیو، دنیش کارتھک، مہندرا سنگھ دھونی، ہاردک پانڈیا، کلدیپ یادیو، یزویندرا چاہل، بھونیشور کمار اور جیسپرت بھمبرا پر مشتمل ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے بعد دونوں ٹیمیں آج پہلی مرتبہ مدمقابل ہیں، اس وقت بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والے ویرات کوہلی ٹیم کا حصہ نہیں تاہم ان کی غیر موجودگی میں روہت شرما قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 26 رنز سے شکست دی تاہم ہانگ کانگ کی جانب سے پہلی وکٹ پر 174 رنز کی شراکت نے مخالف ٹیم پر شدید دباؤ ڈالا۔