ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری، ٹیم نے 7 وکٹ کے نقصان پر 132 رنز اسکور کرلیے۔ گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن آج ایونٹ کے اہم ٹاکرا میں بری طرح فلاپ ہوگئی اور بیٹسمین ایک، ایک کرکے پویلین لوٹتے گئے۔
قومی ٹیم کی 7ویں وکٹ شاداب خان کی صورت میں گری وہ 8 رن بنا سکے، دیگر آئوٹ ہوئے والے بیٹسمین میں بابر اعظم 47، شعیب ملک 43، کپتان سرفراز 6 اور آصف علی 9 رنز بنا سکے، بھارتی بولرز کی جانب سے کیدھر جادھو 3، بھونیشور کمار 2 اور کلدیپ ایک وکٹ لے سکے۔
اس سے قبل بھارتی آل رائونڈر ہردیک پانڈیا گیند کراتے ہوئے گر کر کمر کی انجری کا شکار ہوگئے۔ بھارتی ٹیم کے فزیو نے ان کی انجری کا معائنہ کیا اور اسٹچر پر گرائونڈ سے باہر لے گئے۔
دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس اننگز کی شروعات بلکل اچھی نہ رہی اور صرف 3 رنز کے اسکور پر انہیں دونوں اوپنرز امام الحق اور فخر زمان سے ہاتھ دھونا پڑا، دونوں شکار بھارتی بولر بھونیشور کمار کے حصے میں آئے۔
چیمپئنز ٹرافی2017 کے بعد روایتی حریفوں کا آج پہلی مرتبہ سامنا ہوگا،پاکستان کے اس وقت کے کپتان تو آج کے میچ میں بھی برقرار ہیں لیکن بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والے ویرات کوہلی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ان کی جگہ روہت شرما بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم بھی اچھی ہے، ہماری ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں بہتر ہیں، پریشر کے بغیر اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز تمام ٹیموں کے لئے یکساں سازگار ہیں، ایشیائی ٹیمیں اس طرح کے ماحول میں کھیلنے کی عادی ہیں، فتح کیلیے بہتر کرکٹ کھیلنا پڑے گی، چیمپئنز ٹرافی میں فتح یادگار تھی لیکن یہاں کی کنڈیشنز بالکل مختلف ہیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ بلاشبہ دبئی کا موسم گرم ہے اور میچوں کے دوران کنڈیشنز بھی مشکل ہیں لیکن ہم اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم کو برابر سمجھ رہے ہیں۔ ہم یہاں بہتر کارکردگی دکھاکر اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو منوانا چاہتے ہیں، ٹیم نروس ضرور ہے لیکن جیت کا جذبہ لے کر ہی میدان میں اترے گی۔
ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت کا پلہ بھاری ہے اس نے پاکستان کو چھے مرتبہ شکست دی جبکہ پاکستان نے بھارت کو چار مرتبہ زیر کیا ہے۔
بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان الیون کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، حسن علی، شاداب خان،آصف علی، فہیم اشرف، محمد عامر اور عثمان خان شنواری پر مشتمل ہوگی۔
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شیکر دھون، مہندرا سنگھ دھونی،دنیش کارتھک، بھونیشور کمار، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو، ہردیک پانڈیا، امباتی روئیڈو، کیدھر جادہو اور یزویندرا چاہل شامل ہیں۔
پاکستان بھارت میچ کے لئے جنوبی افریقا کے تجربہ کار ماریس ارامس اور سری لنکا کےروچیرا پالیا گروگنگے امپائر ہوں گے۔
جارج بریتھ ویٹ ٹی وی اور انیس الرحمن فورتھ امپائر ہوں گے۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تقریباً پندرہ ماہ کے بعد ایک دوسرے کے سامنے آرہی ہیں۔