دبئی: ایشیا کپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 163 رنز کا آسان ہدف دیا ہے۔
دبئی میں کھیلے جارہے ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخرزمان نے کیا تاہم اوپنرز پر اعتماد آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف 3 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے، امام الحق صرف 2 رنز جب کہ فخرزمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
شعیب ملک اور بابر اعظم کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی تاہم بابر اعظم غلط شارٹ کھیلتے ہوئے بولڈ ہوگئے، وہ 47 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جس کے بعد کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ توقعات کے برخلاف صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان کے آؤٹ ہوتے ہی شعیب ملک بھی 43 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔
ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر نے بھی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آصف علی بھی صرف چند ہی گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے، وہ 9 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ آل راؤنڈر شاداب خان کی اننگز بھی 8 رنز تک محدود رہی۔
آل راؤنڈر فہیم اشرف نے محمد عامر کے ساتھ ملکر ساتویں وکٹ کے لیے 37 قیمتی رنز جوڑے مگر فہیم اشرف جسپرٹ بمرا کا شکار بن گئے، وہ 21 رنز ہی بناسکے جب کہ حسن علی تیسری ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے، محمد عامر آخر تک مزاحمت کرتے رہے اور 18 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے بھنویشور کمار اور کیدار جادیو نے 3،3 جب کہ جسپرٹ بمرا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارت کے آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے جس کے باعث انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑ۔
دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں اب تک ایک ایک میچ کھیلا ہے جس میں دونوں ٹیمیں فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ گذشتہ سال چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج پہلی بار ایشیا کپ میں مد مقابل ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں گئی ہے، بیٹنگ وکٹ لگ رہی ہے لہذا بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔