کراچی:پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال کو چائنا کٹنگ کرکے قومی خزانے کو 4ارب 15 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کے مقدمے میں محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا ہے ۔
مصطفیٰ کمال پر الزام ہے کہ انہوں نے رفاعی پلاٹ کے لئے مختص 83ایکٹر زمین کی چائنا کٹنگ کی ، محکمہ اینٹی کرپشن نے انہیں 26ستمبر کو دن 11 بجے طلب کیا ہے ۔
محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق سابق سٹی ناظم کراچی کو الزامات کا جواب دینے کےلئے طلب کیا ہے ، اس حوالے سے ان کا بیان بھی قلمبند کیا جائےگا۔
پی ایس پی سربراہ اپنے دور نظامت کے دوران محمود آباد میں واٹر بورڈ کی زمین کی چائنا کٹنگ سے قومی خزانے کو 4ارب 15کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا ۔
محکمے کے مطابق مصطفیٰ کمال نے رفاعی پلاٹ کے لیےمختص زمین مخصوص سیاسی جماعت کے 7ہزار من پسند افراد کو دی۔
اینٹی کرپشن کے مطابق واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اس پلاٹ پر 2009ء میں ایس 3 منصوبہ مکمل کیا جانا تھا جو تاحال مکمل نہیں کیا جاسکا ہے ۔محکمہ اینٹی کرپشن نے لائنز ایریا بحالی منصوبے کے 3 افسران کو بھی 28 ستمبر کو طلب کیا ہے ۔