کینبرا :آسٹریلیا میں اسٹرابیریز میں سے سوئیاں نکلنے کے واقعات کے بعد عوام میں تو خوف و ہراس پھیل گیا، آسٹریلوی وزیراعظم اسکوٹ موریسن نےمعاملے کو دہشت گردی کے برابر قرار دے دیا۔غیرملکی میڈیاکے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ میں اس معاملے کو بالکل اسی طرح سے سنجیدگی سے لے رہا ہوں، جس طرح بچوں کی غیراخلاقی ویڈیوز بنانا یا دہشت گردی کی مالی معاونت کرنا ایک سنگین جرم ہے۔وزیراعظم سکوٹ موریسن نے پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ خوراک کو اس طرح سے زہرآلود کرنے والے کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 سے 15 برس قید کی سزا مقرر کی جائے۔
دوسری جانب آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ کی حکومت نے اسٹرابیریز میں مبینہ طور پر سوئیاں چھپانے والے شخص کی اطلاع دینے والے کے لیے 1 لاکھ آسٹریلوی ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے وفاقی وزیر صحت گریگ ہنٹ نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے فوڈ اسٹینڈرز کو یہ حکم بھی جاری کیا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ اس مسئلے کی شروعات کہاں سے ہوئی؟۔