ڈھاکہ: سہ فریقی ڈیف ٹی 20 سیریز کے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو8 وکٹوں سے شکست دے دی، یہ لیگ کا آخری میچ تھا۔ میچ کی خاص بات عثمان امیر کی ہیٹ ٹرک تھی۔ انہوں نے میچ میں کل 5 وکٹیں حاصل کیں اورپاکستان کی جیت میں نمایاں کردارادا کیا۔ڈھاکہ میں ہونے والے مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 15 اوورز میں صرف 44 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ عاقب اورایمون کے علاوہ کوئی بنگلہ دیشی کھلاڑی ڈبل ہندسے میں داخل نہیں ہوسکا۔بنگلہ دیش کے عاقب نے 17 اور ایمون نے10 رنز بنائے لیکن وہ ڈبل فیگر میں رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان امیر نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس میں ان کی شاندار ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ جابر علی نے تین اور بلال طارق دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔پاکستانی ٹیم نےہدف صرف 12.5 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ولید اسلم 20 رنز پر ناقابل شکست ثابت ہوئے ۔ میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے عثمان امیر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔