نئی دہلی:بھارت میں دوران پرواز پائلٹ کی لاپرواہی کے باعث درجنوں مسافروں کے ناک اور کانوں سے خون نکلنا شروع ہو گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیٹ ایئر ویز کی ممبئی سے جے پور جانے والی پرواز کو ٹیک آف کرنے کے کچھ دیر بعد ہی حادثے کی وجہ سے واپس ممبئی اتار لیا گیا۔
جیٹ ایئرویز کی پرواز کے پائلٹ کی جانب سے جہاز کے اندر ہوا کے دباؤ کو برقرار رکھنے کے سوئچ کو آن نہ کرنے کی وجہ سے 30 سے زائد مسافروں کے ناک اور کانوں سے خون بہنا شروع ہو گیا۔
حادثے کے وقت جیٹ ایئر ویز کے بوئنگ 737 جہاز میں 166 مسافر اور عملے کے 6 افراد سوار تھے۔
بھارت کے وزیر برائے شہری ہوا بازی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جہاز کے عملے کو معطل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
طیارے میں سوار مسافروں کی جانب سے اس حادثے کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا جس میں مسافروں کو آکسیجن ماسک پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔
جہاز میں سوار ایک مسافر دریشک ہیتھی نے طیارے کے اندر سے ایک ویڈیو ٹویٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے میں ہوا کا دباؤ کم ہونے کے مسافروں نے آکسیجن ماسک پہن رکھے ہیں۔
ایک اور مسافر نے ناک سے خون بہنے کی تصویر ٹوئٹ کی اور لکھا کہ ایئر لائن نے مسافروں کی حفاظت کی سیفٹی کو یکسر نظر انداز کیا۔
جیٹ ایئر ویز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کی صبح کیبن کے اندر ہوا کا دباؤ کم ہونے کے نتیجے میں مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف پر شرمندگی ہے۔