اسحاق ڈار کا پاکستان آ کرمقدمات کا سامنا کرنے کا فیصلہ

 

لندن :سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان آ کرمقدمات کا سامنا کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ اسحاق ڈار کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان آ کر کیسوں کا سامنا کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔اس حوالہ سے اسحاق ڈار نے برطانیہ میں اپنی لیگل ٹیم کو بھی مدعو کیا ہے جو ان کومقدمات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دے گی۔
اطلاعات کے مطابق اسحاق ڈار کو ان کی لیگل ٹیم کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف احتساب عدالت میں جاری ریفرنس میں ابھی تک ایسے شواہد سامنے نہیں آئے جس سے ان کو سزا ہو سکے لہٰذا بہتر ہے کہ وہ وطن واپس آ کر مقدمات کا سامنا کرے اور اگر ان کو نیب عدالت سے سزا ہو بھی جاتی ہے تو اعلیٰ عدلیہ سے فوری ریلیف ملنے کے قوی امکان ہے۔اس تمام صورتحال کے پیش نظر اسحاق ڈار نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے قانونی مشیروں کی رائے کے بعد فوری وطن واپس آ جائیں گے۔