ایشیا کپ میں افغانستان کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری

ابو ظہبی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور مرحلے میں افغانستان کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کے ابتدائی گیند بازوں کی نپی تلی بولنگ کے باعث افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو سست آغاز فراہم کیا اور 31 رنز پر اس کی دو وکٹیں گرگئیں۔
اس موقع پر حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 63 رنز کی شراکت فراہم کی۔ رحمت شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
30ویں اوور کے اختتام پر افغانستان نے 116 رنز بنالیے تھے جبکہ اس کی تین وکٹیں گرچکی تھیں۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں محمد نواز نے حاصل کیں۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں تجربہ کار لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر، فہیم اشرف اور شاداب خان کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، لیفٹ آرم اسپنر حارث سہیل اور محمد نواز کو کھلایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹورنامنٹ سے قبل 2 ون ڈے انٹرنیشنل ہوچکے ہیں، دونوں ہی پاکستان نے جیتے ہیں لیکن افغانستان کی ٹیم نے اپنے اسپنرز راشد خان، مجیب اور محمد نبی کی وجہ سے حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
آج ایشیا کپ کا ایک اور میچ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دبئی میں کھیلا جا رہا ہے جس میں بھارت نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔