ڈوڈوما:افریقی ملک موزمبیق کے ایک گاؤں میں دہشت گردوں نے حملہ کر کے 12 نہتے شہریوں کو ہلاک اور 14 کو زخمی کر دیا ، جب کہ 55 گھر بھی جلا ہو گئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دس افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا جب کہ دو کو جلایا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک شخص کو مارنے کے بعد اس کی گردن بھی کاٹی گئی ہے۔محکمہ صحت کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوع کی جانب روانہ کر دی گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہیں۔
حملہ آور گر وہ کا تاحال تعین نہیں ہو سکا اور کسی تنظیم نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ایک غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق حملہ آور فوجی وردی میں ملبوس تھے۔اکتوبر 2017 کے بعد سے اب تک موزمبیق کے ساحلی علاقے میں 40 سے زائد افراد بہیمانہ طریقے سے قتل کیے جا چکے ہیں۔