تہران: صوبہ اہواز میں فوجی پریڈ کے دوران حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی صوبے اہواز میں فوجی پریڈ جاری تھی کہ اس دوران مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
میڈیا رپوٹس کے مطابق حملہ آوروں نے فوجی پریڈ کے دوران پیچھے سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 فوجی ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے بعض افراد دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی ہے جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 50 سے زائد زخمی اہواز کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہےکہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار سے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ حملہ عسکریت پسندوں کی جانب سے کیا گیا ہے۔