سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج نے بانڈی پورہ میں مزید 5 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غاصب بھارتی فوج نے نوجوانوں کو ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سملر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔
قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے ضلع بانڈی پورہ میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔
انتظامیہ نے طلباء کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے ڈگری کالج بانڈی پورہ سمیت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثنا ضلع شوپیاں کے علاقے شر مال میں کشمیریوں نے قابض فورسز کے محاصرے اور کارروائیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے ہیں۔
قابض اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ گن استعمال کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے بعد بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
اطلاعات کے مطابق قابض فورسز کی جانب سے احتجاجی مظاہروں طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی فورسز نے جنوبی ضلع پلوامہ کے کم از کم دس دیہات لاسی پورہ، آرمولہ، عالی پورہ، بٹ نور، گاربگ، نوپورہ پائیں، حجدار پورہ، اچھان وغیرہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔
گھر گھر تلاشی میں بھارتی فوج، اسپیشل آپریشنز گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار شامل ہیں۔