تہران:ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ائی نے فوجی پریڈ پر ہونے والے حملے کا الزام امریکہ کے حمایت یافتہ خلیجی ممالک پر لگاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی کٹھ پتلیاںایران میں عدم استحکام پھیلانا چاہتی ہیں،ایرانی سیکورٹی فورسز حملے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنائی کا کسی بھی ملک کا براہ راست نام لئے بغیر کہنا تھا کہ یہ حملہ ان سازشوں کا حصہ ہے جو خطے میں امریکی کٹھ پتلیاں کرتی رہتی ہیں اور ان کا مقصد ایران میں عدم استحکام پھیلانا ہے۔انہوں نے ایران کے سیکورٹی اداروں کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔
واضح رہے کہ ایران کے جنوبی شہر اہواز میں ایک سالانہ فوجی پریڈ کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی ،جس کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کے 20 فوجیوں سمیت 30 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے،اس حملے کی ذمہ داری عالمی شدت پسند گروہ داعش نے قبول کی تھی تاہم ایرانی فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں داعش ملوث نہیں بلکہ جن دہشت گردوں نے حملہ کیا وہ براہ راست امریکہ اور اسرائیل سے رابطے میں تھے ۔