اہلیہ حنیف عباسی کی شوہر کی اٹک جیل منتقلی پر نکتہ چینی

 

راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی اہلیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے خاوند کو سیاسی مخالفین کی جانب سے بدترین انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق حنیف عباسی کی اہلیہ نے شوہر کی اڈیالہ سے اٹک جیل منتقلی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاوند عارضہ قلب میں مبتلا اور پولن الرجی کے مر یض ہیں،چند ہفتے قبل ہی ان کے دل کے والو میں اسٹنٹس ڈالے گئے ہیں ،جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں ہسپتال میں رکھنے کے لیے کہا تھا لیکن انہیں جیل میں ضروری ادویات بھی پہنچانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے،حنیف عباسی کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار سیاسی مخالفین اورحکومت پنجاب ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں حنیف عباسی کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جب حنیف عباسی سمیت کوئی بھی قیدی اپنی مرضی سے سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں نہیں آسکتا تو پھر جیل انتظامیہ کے خلاف انکوائری کرنے کے بجائے ان کے خاوند کو انتقامی کارروائی کا نشانہ کیوں بنایا گیا؟۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایفیڈرین کیس میں سزا کاٹنے والے حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقل کر دیا گیاہے ،حنیف عباسی کی جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں تصویر سامنے آنے پر آئی جی جیل خانہ جات کے حکم پر بنائی گئی انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کر لی ہے اور اسی رپورٹ کی روشنی میں حنیف عباسی کو اٹک جیل منتقل کیا گیا ۔