لاہور:امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کےلئے بھارت نے ہمیشہ پاکستانی کوششوں کا مذاق اڑایا ہے، پاکستان کی کوششوں کامثبت جواب دینے کی بجائے بھارت نے اسے ہمیشہ کمزوری سمجھاہے۔ ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عالمی ادارے بھارتی آرمی چیف کے شر انگیز بیان کا نوٹس لیں۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور بھارت کو پاکستان کے بارے میں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے،انڈیا کے مقابلے میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہاہے، ہزاروں ہندووں کودوسری ریاستوں سےلاکرکشمیرمیں آباد کیا جا رہاہے، حکومت پاکستان کو کھل کر کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کی سرپرستی کرنی چاہیے۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو چاہیے کہ وہ جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھیں۔