ہیٹ ویو کا خطرہ،وزیراعلیٰ سندھ کی حفاظتی اقدامات کی ہدایت

کراچی: شہرقائد میں ہیٹ وَیو کا خطرہ پھر سر اٹھانے لگا، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ہیٹ ویو کے پیشِ نظر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کر دیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری صحت کو تمام اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک مراکز قائم اور گرمی سے متاثرہ مریضوں کیلئےتمام سرکاری اسپتالوں میں انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے پبلک مقامات پر پانی مہیا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے اپنے علاقوں میں کیمپس لگاکر شہریوں کو ٹھنڈا پانی مہیا کریں، شہری بالخصوص بزرگ اور بچے گھروںتک محدود رہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کے۔الیکٹرک کو بھی گرمی کی شدت کے دوران شہریوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے واٹر بورڈ کو شہریوں کو پانی کی فراہمی مزید بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔