ابوظہبی:ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے آخری اور اہم ترین میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کےلئے240 رنز کا ہدف دیا ہے ،بنگال ٹائیگرز کی پوری ٹیم 239بناسکی۔
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ کی پہلی اننگز میں بنگلادیش کی پہلی 3 وکٹ صرف 12 کے اسکور پر گر گئیں اور لگا کہ پوری ٹیم انتہائی کم اسکور پر پویلین لوٹ جائے گی، لیکن سرفراز احمد کی طرف سے مشفق الرحیم اور محمد متھون کےلئے اسپین اٹیک لگانے کے فیصلے کا دونوں بیٹسمینوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور پارٹنر شپ مستحکم کی۔
مشفق الرحیم اور محمد متھون کو آئوٹ کرنے کےلئے گرین شرٹس کے کپتان نے پہلے نواز،شعیب ملک پھر حسن علی اور شاداب خان کی جوڑی کو آزمایا،تاہم انہوں نے 144 رنز کی شاندار شراکت قائم کی،ساتھ ہی اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور ٹیم کا اسکور 156 رنز تک پہنچادیا۔
34 ویں اوورز میں حسن علی نے بالآخر محمد متھون کی وکٹ لے کر مستحکم شراکت توڑ دی، بنگلادیشی بیٹسمین نے 84 گیندیں کا سامنا کیا اور 4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔
پانچویں وکٹ پر مشفق الرحیم کا ساتھ دینے کےلئے امرالقیس آئے ،لیکن وہ صرف 9 رنز ہی بناسکے ،انہیں شاداب خان نے 167 کے مجموعی اسکور پر پویلین کا راستہ دکھایا۔
بنگلادیش کی چھٹی اور اہم ترین وکٹ 197 کے اسکور پر ، مشفق الرحیم 99 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا دوسرا شکار بن گئے ،انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 116 گیندوں کا سامنا کیا اور 9 چوکے لگائےاور اپنی ٹیم کی میچ میں پوزیشن بہتر بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
پاکستان کیلئے ساتویں وکٹ جنید خان نے46 ویں اوور میں حاصل کی،221 کے مجموعی اسکور پر انہوں نے مہدی حسن ( 12 رنز)کو میدان بدر کیا ،یہ میچ میں ان کی تیسری وکٹ تھی ۔
جنید خان نے میچ میں اپنا چوتھا شکار محمود اللہ کو بنایا ،یوں48 ویں اوورمیں 230 کے اسکور پر بنگلادیش کی 8 وکٹ بھی گر گئی ،9ویں وکٹ239 رنز پر گر ی، روبیل حسین 1 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔
بنگلادیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ آئوٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے، وہ 1 چھکے کی مدد سے 13 بناسکے، ان کی وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی ۔
قبل ازیں بنگلادیش کی طرف سے سومیا سرکار اور لیٹن داس نے اننگز کا آغاز کیا،گرین شرٹس کے جنید خان نے پہلا اوور کرایا اور صرف 3رنز دیے جبکہ دوسرا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کرایا جو میڈن رہا۔
تیسرے اوور میں جنید خان نے میچ میں اپنی شمولیت کو درست ثابت کیا اور سومیا سرکار کو فخر زمان کی مدد سے قابو کرلیا۔
چوتھے اوور کے آخر میں شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈائون پوزیشن پر آنے والے مومن الحق کو کلین بولڈ کردیا،جو ایک چوکے کی مدد سے صرف 5 رنز بناسکے۔
پانچویں اوور کی دوسری گیند پر جنید خان نے اوپنر لیٹن داس کو بھی بولڈ کردیا وہ صرف 6رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اوپر تلے 3 ابتدائی بیٹسمینوں کے آئوٹ ہوجانے کے بعد بنگال ٹائیگرز دبائو کا شکار ہوگئے تھے۔
پاکستان کی اوپننگ فاسٹ بولنگ جوڑی کے جنید خان نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کرلی ہے
ابوظبی کےشیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے ٹاس کے لئے سرفراز احمد اور مشرفی مرتضیٰ میدان میں اترے، بنگلادیشی کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پچ اور کنڈیشن کے حوالے سے ماہرین کی رائے ہے کہ آج گرم دن ہے ،پچ پر گھاس موجود ہے،پہلے بیٹنگ کرکے 250 سے زائد کا اسکور فائٹرنگ رہے گا۔
آج کے میچ کی فاتح ٹیم 28 ستمبر بروز جمعہ کو بھارت کے خلاف دبئی میں فائنل کھیلے گی،سرفراز الیون نے بنگلادیش کے خلاف ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے،لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کی جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔