بیت المقدس غاصبوں کے حوالے نہیں کیا جاسکتا: ترک صدر

 

نیویارک:ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس ہمارا قبلہ اول ہے، جسے دہشت گردوں اور غاصبوں کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب میں ترک صدر نے کہا کہ ہمارے نظریے اور عقیدے کے مطابق ظلم کو قبول کرنا بھی ظلم کرنے کے مترادف ہے۔ ہم نے اپنی عزت وناموس کی بقا کے لیے جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ ترک صدر نے جمہوریت کے علم بردار بڑے ملکوں کی فلسطین کے حوالے سے مجرمانہ غفلت پر مبنی پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے علم برداروں کو فلسطینی شہریوں کے وحشیانہ قتل عام پر زبان کھولنے کی ہمت بھی نہیں ہوتی۔ انہیں صرف غاصب صہیونی مظلوم دکھائی دیتے ہیں۔

ترک صدر نے کہا کہ ترکی شمالی شام میں دریائے فرات کے مشرقی کنارے کے علاقوں کے حوالے سے موثر اقدامات کا پابند ہے۔ جس طرح فرات کی ڈھال اور زیتون کی شاخ آپریشن کے دوران محفوظ زون قائم کیے گئے، اسی طرح ادلب میں بھی محفوظ زون قائم کرنے کے پابند ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل اور عالمی ادارے شام، بوسنیا، کوسوو، روانڈا، یمن اور فلسطین میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموش ہے۔ ترکی نے شام کی مظلوم عوام کے لیے سب سے بڑھ کر امداد فراہم کی اور ان کا بوجھ اٹھایا۔