لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قریبی عزیزہ کا لاہور کے سروسز ہسپتال کے وی وی آئی پی روم میں مفت علاج معالجہ جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی قریبی عزیزہ اسما کو 24 ستمبر کو سروسز ہسپتال لاہور لایا گیا اور ان کا اپنڈکس کا آپریشن کیا گیا، جس کے بعد سے وہ سروسز ہسپتال کے وی وی آئی پی کمرہ نمبر ایک میں زیر علاج ہیں۔
یہ وہی کمرہ ہے جہاں کچھ عرصہ قبل سابق وفاقی منصوبہ بندی وزیراحسن اقبال بھی زیر علاج رہ چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی قریبی عزیزہ کا مفت علاج کیا جا رہا ہے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال آکر ان کی عیادت بھی کی۔پرنسپل سروز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سرجن محمود ایاز سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی عزیزہ ہمارے ڈاکٹر شعیب بزدار کی بھی رشتے دار ہیں انہیں ڈاکٹر کی رشتہ دار ہونے کے ناطے وی وی آئی پی روم میں رکھا گیا ہے۔