تیمور تالپور کاپیپلز پارٹی کیخلاف اعترافی بیان

 

کراچی: رکن صوبائی اسمبلی تیمور تالپور نے سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی کی طرف سے ووٹ خریدنے کا اعتراف کرلیا۔سندھ اسمبلی میں ہونے والی بجٹ بحث میں پیپلزپارٹی کے تیمور تالپور نے جوش خطابت میں سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی کی طرف سے ووٹ خریدنے کا اعتراف کرلیا۔ بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں جس ممبر نے پیپلزپارٹی کو ووٹ بیچا وہ آج بھی ایوان میں بیٹھا ہے جب کہ نصرت سحر عباسی کے شوہر کو بھی پیپلزپارٹی نے ہی سرکاری ملازمت دی تھی۔تیمور تالپور کے اس جملے پر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا تاہم وہ مسلسل بولتے رہے جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے ارکان اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں ایوان سے احتجاجا واک آوٹ کرگئے۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے ووٹ خریدنے سے متعلق تیمور تالپور کا اعترافی بیان بمعہ ویڈیو الیکشن کمیشن میں پیش کرنے کا اعلان کردیا۔سندھ اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے تیمور تالپور نے ایوان کے فلور پر ووٹ خریدنے کا اعتراف کیا ہے ہم چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تیمور تالپور کے اعترافی بیان کا نوٹس لیں۔