سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں معصوم و بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام اور بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف وادی میں آج مکمل طور پر ہڑتال ہے۔
قابض انتظامیہ نے سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گھروں میں نظر بند کردیا جبکہ یاسین ملک کو قابض پولیس نے گرفتار کرلیا۔
بھارت مخالف احتجاج میں شرکت سے روکنے کے لیےحریت رہنماؤں کو گرفتار اور نظر بند کیا گیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ روز سری نگر، اننت ناگ اور بڈگام میں 4کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا، جس پر حریت قیادت کی کال پر آج وادی بھر میں مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔
دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ سڑکیں سنسان ہیں،ہڑتال کا مقصد بھارتی مظالم پر احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے ۔