میانمار حکومت کے جرائم کے ثبوت جمع کرنے کے لیے ٹیم تشکیل

 

جنیوا :اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی کونسل نے میانمار کے حوالے سے ایک ٹیم تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ٹیم 2011 سے میانمار میں مرتکب جرائم کے بارے میں شواہد اکٹھے کرے گی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ان شواہد کو ملک میں انسانی حقوق کی پامالی کرنے والے عناصر کے تعاقب میں استعمال کیا جا سکتا ہے،اس سلسلے میں 47 ارکان پر مشتمل انسانی حقوق کی کونسل میں رائے شماری ہوئی۔ کونسل کے 35 ارکان نے ایک "خود مختار میکانزم” تشکیل دینے کے حق میں اور 3 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

اس کا مقصد کونسل کی جانب سے حقائق جاننے والے کمیشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ کمیشن کے برخلاف مذکورہ میکانزم کے پاس ایسے شواہد ہوں گے جن کو فوجداری نوعیت کے الزامات کی پیروی میں استعمال کیا جا سکے گا۔نئی ٹیم کی تشکیل کے لیے قرار داد آسٹریا کے زیر قیادت یورپی یونین اور پاکستان کی زیر قیادت اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی۔ چین، برونڈی اور فلپائن نے قرار داد کی مخالفت کی جب کہ 7 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔