فیس بک پر سائبر حملہ، لاکھوں صارفین کا نجی ڈیٹا لیک

 

سان فرانسسکو:سماجی رابطوں کی سب سے بڑی اور مشہور ویب سائٹ’’ فیس بک‘‘ پر سائبر حملے کے باعث لاکھوں صارفین کا نجی ڈیٹا لیک ہونے کا خطرہ ہے،فیس بک کے مالک مارک زکربرگ نے کہا ہےکہ معاملے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور اس کا حل نکال رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق فیس بک حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کمپنی کو اس بات کے اشارے ملے کہ فیس بک کے اکاؤٹس کو ہیک کرنے کی کوشش کی جارہی اور سائبر حملے کے ذریعے اس کا پوشیدہ کوڈ استعمال کرکے صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کا خطرہ ہے۔

دوسری طرف فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا کہ ہم اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور اس کا حل نکال رہے ہیں،کمپنی کی جانب سے فیس بک کے صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پوری کوشش جاری ہے جبکہ اس کے لیے ٹھوس اقدامات بھی کیے جارہے ہیں،اتنے خطرناک معاملے کی نشاندہی پہلے ہی مرحلے پر کرلی گئی ہے اور یہ اطمینان بخش بات ہے۔مارک زکر برگ نے کہا کہ تقریبا 90 لاکھ سے زائد فیس بک صارفین کے اکاؤنٹس لاگ آؤٹ کرائے گئے جو ان کے تحفظ کے لیے ضروری تھا،ہمیں ان لوگوں کی طرف سے مسلسل سائبر حملوں کا سامنا رہتا ہے جواکاؤنٹس پر قبضہ کر کے دنیا بھر سے معلومات چوری کرنا چاہتے ہیں،اس لیے بہت ضروری ہے کہ ہم مختلف طریقے اختیار کرتے رہیں تاکہ ایسے واقعات رونما ہی نہ ہوں۔