انڈونیشیامیں زلزلے اور سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 400 ہوگئی

جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی کے ساحلی شہر پالو میں گزشتہ روز آنے والے شدید زلزلے اور سونامی نے تباہی مچادی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 400 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روزانڈونیشین جزیرے سلاویسی کے شہر پالو کو 7.5شدت کے زلزلے نے لرزا دیا، متعدد عمارتیں زمین بوس ہوئیں، وہیں زلزلے کے بعد سمندر میں اٹھنے والی،5فٹ بلند لہروں نے پالو شہر میں تباہی مچا دی۔
زلزلے کا مرکز پالو شہر کے قریب واقع ماہی گیروں کے قصبے ڈونگ گالا سے 27 کلو میٹر دور سمندر میں تھا۔
زلزلے کی وجہ سے پالو شہر اور اس کے قریبی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی رابطوں کا نظام درہم برہم ہو گیا، جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انڈونیشیا کے صدر جوکوودودو کا کہنا ہے کہ زلزلے اور سونامی سے متاثرہ شہر میں امدادی آپریشن میں حصہ لینے کے لیے فوج کو بھیج دیا گیا ہے۔
انڈونیشین ڈیزاسٹر ایجنسی نے زلزلے اور سونامی سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔