آئی سی سی نے بال ٹیمپرنگ کی سزا میں اضافہ کر دیا

 

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بال ٹیمپرنگ کی روک تھام کے لیے قوانین مزید سخت کر دیے ۔ اب گیند سے چھیڑچھاڑ کرنے والوں کو6ٹیسٹ یا 12ایک روزہ میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔آئی سی سی نے گیند کو خراب کرنے کی سزا بڑھانے کے لیے اسے لیول دوسے لیول تین میں شامل کر دیا ہے۔ اس سے پہلے کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ کی سزا دو ٹیسٹ یا چھ ایک روزہ میچز کی پابندی تھی۔

آئی سی سی ترجمان کا کہنا تھا کہ اس جرم میں ملوث کھلاڑی کے ڈی میرٹ پوائنٹس میں بھی اضافہ کر دیا ہے، لیول تین کی شقوں کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کی سزا کا تعین میچ ریفری کریں گے۔آئی سی سی کے نئے قوانین کے مطابق لیول دو تک کے معاملات آن فیلڈ امپائرز، لیول تین میچ ریفری دیکھا کریں گے جبکہ لیول چار کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف جوڈیشل کمیشن بنایا جائے گا۔

ان قوانین میں میچ کے دوران گالم گلوچ، امپائر سے بد تمیزی یا میچ کا نتیجہ تبدیل کرنے کے لیے نا جائز ہتھکنڈوں کا استعمال کرنے والے کھلاڑیوں کو لیول دو کے بجائے لیول تین کے تحت سزا سنائی جائے گی۔آئی سی سی نے 700 ایک روزہ اور 428 ٹی ٹوینٹی میچز کو بنیاد بنا کر ڈک ورتھ لوئس سسٹم کا تیسرا ورژن بھی جاری کر دیا ہے۔ان قوانین کا اطلاق اتوار 30 ستمبر سے ہو گا۔