ڈی آئی خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

 

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختون کے ضلع ڈی آئی خان میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔اطلاعات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے تھانہ پروا کی حدود میں واقع جھوک جھنڈیر کے علاقے میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران سیکورٹی فورس اور پولیس نے 10 آئی ڈیز، 4 ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر، خودکش جیکٹ میں استعمال ہونے والے پریما کارڈز، بارودی مواد، 5 اور10 کلو وزنی دیسی ساختہ 20 بم اور پولیس کی چاروردیاں برآمد کرکے ڈی آئی خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد دہشت گردی کی کسی بڑی کارروائی میں استعمال ہونا تھا جب کہ سرچ آپریشن کے دوران کئی افراد کو بھی گرفتارکر لیا گیا ہے جنہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔