انڈونیشیا ، زلزلے اور سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی

انڈونیشیا کے شہرپالو میں زلزلےاور سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 800سے تجاوز کر گئی۔ اب بھی کئی افراد لاپتہ سے جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خوراک اورپانی کی کمی ہےاور 17 ہزار افراد علاقے سے انخلا کرچکے ہیں، ملبے تلے دبے سیکڑوں افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
انڈونیشیئن حکام کے مطابق تمام ہلاکتیں ساحلی شہر پالو میں ہوئیں جہاں 7.5 شدت کے زلزلے کے بعد سمندری لہریں 10 فٹ تک بلند ہو کر ساحلی علاقوں میں داخل ہوئیں۔
انڈونیشین صدر جوکو ودودو آج متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے، اس سے قبل انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں قدرتی آفت سے ہونے والے نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو متاثرین کی ہر ممکن امداد کی ہدایت کی تھی۔