دبئی:آئی سی سی نے ایک روزہ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق 127 پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ کا راج ہے جب کہ پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔
آئی سی سی نے ایک روزہ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق انگلینڈ 127 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، 122 پوائنٹس کے ساتھ بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور جنوبی افریقہ 110 پوائنٹس کے چوتھے جب کہ پاکستان 101 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے، آسٹریلیا چھٹے، بنگلا دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہے۔
ون ڈے انٹر نیشنل رینکنگ میں بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں پر بھارت کا قبضہ ہے، بیٹنگ میں ویرات کوہلی اور بولنگ میں جسپرت بھمبرا پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
بہترین بلے بازوں کی فہرست میں ابتدائی 10 بلے بازوں میں پاکستان کے صرف بابراعظم شامل ہیں جن کی رینکنگ میں 4 درجے تنزلی ہوئی اور وہ چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔
قومی ٹیم کے نوجوان اوپننگ بلے باز امام الحق 15 درجے بہتری کے ساتھ رینکنگ میں 27ویں نمبر پر آگئے جب کہ فخر زمان فہرست میں 19ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
بولنگ کے شعبے میں ابتدائی 10 بہترین بولرز میں پاکستان کے حسن علی کا چھٹا نمبر ہے، پہلی پوزیشن پر بھارت کے جسپرت بھمبرا، افغانستان کے راشد خان دوسری پوزیشن، کلدیپ یادیو تیسری، نیوزی لینڈ کے ٹرینڈ بولٹ چوتھی اور آسٹریلیا کے جوش ہیزلی ووڈ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
افغانستان کے راشد خان نے بنگلادیش کے شکیب الحسن سے نمبر ون آل راؤنڈر پوزیشن چھین لی، راشد خان 353 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
بہترین آل راؤنڈر کی فہرست میں بنگلادیش کے شکیب الحسن دوسری، افغانستان کے محمد نبی تیسری، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر چوتھی اور قومی ٹیم کے محمد حفیظ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔