لاہور: پنجاب حکومت کے کئی وزرا نے حکومت کی جانب سے دی گئی چھوٹی گاڑیاں لینے سے انکار کر دیا ۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے کئی صوبائی وزیروں نے 1300 سی سی گاڑیاں لینے سے انکار کرتے ہوئے ذاتی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ اور جھنڈا لگانے کی اجازت مانگ لی ہے،ان وزرا میں سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کا نام بھی سامنے آ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق عبدالعلیم نے چھوٹی گاڑی لینے سے انکار کرتے ہوئے اپنی گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ لگانے کی اجازت طلب کر لی ہے۔
اب تک ذاتی گاڑیاں استعمال کرنے والے صوبائی وزرا میں ہاشم جواں بخت، اجمل چیمہ، حسنین دریشک اور حسین جہانیاں گردیزی شامل ہیں،وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے اب تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے ذاتی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ اور جھنڈے لگانے کی اجازت مرکزی قیادت کی ہدایت سے مشروط کر دی ہے۔